Wednesday 5 October 2016

شہادت امام حسین علیہ السلام کا مقصد

      شہادت امام حسین علیہ السلام کا مقصد
✍ تحریر: سید غافر رضوی
4/محرم 1438.ھ   06/10/2016

ہر قیام و اقدام کچھ اہداف و مقاصد کا حامل ہوتا ہے اور وہ قیام اسی وقت انقلاب آور ثابت ہوتا ہے جب مقاصد تک رسائی حاصل ہوجائے.
معمولی سے معمولی تحریک بھی اہداف پر مشتمل ہوتی ہے تو امام ع کا قیام بدرجۂ اولیٰ نایاب اہداف و مقاصد پر مشتمل ہوگا.
کربلا کی حقیقی معرفت اسی وقت حاصل ہوگی جب قیام حسینی کے اہداف و مقاصد اچھی طرح سمجھ میں آجائیں!.
مقاصد شناسی اور اہداف کی شناخت میں کجروی جیسے امور، صراط مستقیم سے بے راہ روی کا سبب قرار پاتے ہیں.
اسی طرح امام حسین ع کے قیام کو بھی دشمن نے اپنی سازش کے تحت دوسرا رنگ دینے کی کوشش کی ہے جس کے ذریعہ سادہ لوح افراد گمراہی کا شکار ہو رہے ہیں. کچھ نادانوں کی نادانی، کچھ جاہلوں کی جہالت اور کچھ سادہ لوح افراد کی سادہ لوحی دشمن کی کامیابی کا سبب بن رہی ہے.
دشمن نے قیام حسینی کے متعلق ایک خدشہ وارد کیا کہ امام حسین ع کے قیام کا مقصد *"علی ولی اللہ"* کی حفاظت کرنا تھا. حالانکہ کسی تاریخ یا کسی مقتل میں اس بات کی جانب اشارہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی امام ع کے کسی خطبہ میں اس بات کا اظہار دیکھا گیا. امام حسین ع کے جس خطبہ پر بھی نظر جاتی ہے اس میں قیام کے اہداف و مقاصد کی جانب اشارہ کیا گیا ہے اور اکثر مقامات پر یہ بیان ہوا ہے کہ امام ع کے قیام کا مقصد *"امر باالمعروف، نہی عن المنکر، سیرت نبی اور سیرت علوی کا احیاء"* ہے.
امام ع نے کہیں بھی یہ ارشاد نہیں فرمایا کہ میں *"علی ولی اللہ"* کے احیاء کی خاطر قیام کر رہا ہوں.
علی ولی اللہ کو علامت اسلام قرار نہیں دیا گیا ہے بلکہ علامت تشیع قرار دیا گیا ہے اور امام ع کے قیام کا مقصد *"اسلام کی حفاظت"* تھا.
یہی سبب ہے کہ جب ایک سائل نے امام سجاد ع سے سوال کیا: کربلا میں کس کی جیت ہوئی؟ تو آپ نے فرمایا: جاؤ مسجدوں میں جاکر دیکھو اگر مساجد سے ہمارے نانا کی نبوت کا اعلان ہو رہا ہے تو ہم کامیاب ہوئے ہیں اور اگر مساجد سے *"اشہد ان محمدا رسول اللہ"* کی آواز نہیں سنائی دے رہی ہے تو یزید کی فتح ہوئی ہے.
اسلام کی پہچان کلمۂ شہادتین ہے یعنی اگر کوئی شخص *"لا الٰہ الا اللہ، محمد رسول اللہ"* کہہ رہا ہے تو اس پر مسلمان کا اطلاق ہوتا ہے. کسی کتاب میں نہیں ملتا کہ مسلمان ہونے کے لئے *"علی ولی اللہ"* کہنا ضروری ہے. اگر علی ولی اللہ کا اقرار اسلام کی شرط ہوتی تو ہر مسجد سے علی ولی اللہ کی آواز سنائی دیتی حالانکہ ایسا نہیں ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ علی ولی اللہ علامت تشیّع ہے نہ کہ علامت اسلام یعنی شیعہ کو پہچاننا ہو تو یہ دیکھو کہ وہ علی ولی اللہ کہہ رہا ہے یا نہیں!. اگر وہ علی ولی اللہ کہتا نظر آئے تو شیعہ ہے اور اگر اس کا کلمہ صرف نبوت کی گواہی پر رک جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ صرف مسلمان ہے، اہل تشیّع اور اہل تسنّن کے درمیان یہی فرق ہے کہ اہل سنت کا کلمہ *محمد رسول اللہ* پر ختم ہوجاتا ہے لیکن شیعہ کی پہچان یہ ہے کہ اس کا کلمہ علی ولی اللہ تک پہنچتا ہے بلکہ اس کے کلمہ میں امیر المومنین علی ابن ابیطالب علیہماالسلام کی خلافت بلا فصل کا اقرار بھی شامل ہوتا ہے.
علی ولی اللہ کو مقصدِ کربلا کا ایک جز شمار کیا جا سکتا ہے لیکن بطور کلی یہ کہنا کہ امام کا قیام علی ولی اللہ کی حفاظت کی خاطر تھا!، یی کسی بھی زاویۂ نگاہ سے قرین عقل نہیں ہے.
یہ صرف دشمن کی سازش ہے کہ امام حسین ع کے قیام کے حقیقی اہداف و مقاصد پر پردہ ڈال کر امام ع کے پیروکاروں کی توجہ دوسری جانب مبذول کردے اور کچھ کچّے کانوں والے افراد کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہوئے اپنے مقصد تک پہنچے. دشمن یہ چاہتا ہے کہ نام نہاد عزاداری قائم ہوتی رہے لیکن روح عزا کو نکال لیا جائے.
قیام حسینی کے اہداف و مقاصد کی معرفت ہی روح عزا ہے، اگر اس قیام کے مقاصد کی معرفت حاصل نہیں ہو پائی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم عزاداری تو کر رہے ہیں لیکن ہماری عزاداری بغیر روح کے انجام پا رہی ہے.
ہماری عزاداری اسی وقت مفاہیم و معانی کی حامل ہوگی جب قیام حسینی ع کے حقیقی اہداف و مقاصد کے زیر سایہ قرار پائے.
پروردگار عالم سے دعا ہے کہ ہمیں حقیقی حسینیوں میں محشور فرما.
"آمین یا رب العالمین بحق طہ و یٰسین"
*حوالہ جات:*
(۱)حماسۂ حسینی. (۲)مقتل ابی مخنف. (۳)مقتل جامع. (۴)مقتل مقرّم. (۵)اللہوف. (۶)منتہیٰ الآمال. (۷)سیرت معصومین. (۸)سیرۂ پیشوایان. (۹)سوگنامۂ آل محمد. (۱۰)مقتل خوارزمی.

Featured Post

PAYAM E ISLAM Foundation is now available on YOUTUBE...

Salamun alaikum... The insitute PAYAM E ISLAM Foundation is now available serving ISLAM on YOUTUBE... The main objectives are:- 💡Deep ...

Popular Posts